لاہور( شوبز ڈیسک) سینئر اداکار قوی خان نے کہا ہے کہ جب ہم نے کام شروع کیا تو اس وقت صرف ریڈیو اور پی ٹی وی ہوتا تھا لیکن خوش قسمتی سے آج کے نوجوان اداکاروں کو مقبول ہونے کے لئے کئی طرح کے پلیٹ فارم میسر ہیں ،نئے آنے والے اداکار بڑے باصلاحیت ہیں لیکن انہیں مقبولیت ملنے پر سیکھنے کے عمل کو ہرگز نہیں چھوڑنا چاہیے کیونکہ میں پانچ دہائیوں کے بعد آج بھی خود کوفن کا ایک طالبعلم سمجھتا ہوں ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قوی خان نے کہا کہ میں نے اپنے دور کے تمام فنکاروں کے ساتھ کام کیا ہے اورمیری خوش قسمتی رہی ہے کہ سب ہی فنکار اچھے تھے جن کی یادیں ساتھ ساتھ چلتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے فلموں میں بھی کام کیا ہے لیکن اب مجھے اس طرح کا کوئی پراجیکٹ نہیں ملا جس میں ابھی تک میرے مطابق کوئی کردار تخلیق کیا گیا ہو ،یہ ہرگز نہیں کہا جا سکتا کہ میں نے فلم انڈسٹری کو چھوڑ دیا ۔انہوں نے کہا کہ آج کل کراچی میں بننے والی ٹی وی ڈرامہ سیریل میں مصروفیات ہیں اور جتنی ہمت ہے اتنا کام کررہا ہوں ۔