لاہور، کراچی (کلچرل رپورٹرز) لالی وڈ کی نئی فلم ’’ تلاش‘‘ کوعام نمائش کیلئے سنسر سرٹیفکیٹ مل گیا، پندرہ نومبر کو ملک بھر کے سنیمائوں کی زینت بنے گی۔ڈسٹری بیوشن کلب کی پیش کردہ فلم نوجوان ڈاکٹرز کے ساتھ اندرون سندھ میں پیش آنے والے دلچسپ واقعات کا احاطہ کرتی ہے ۔ فلم رواں جمعے کو لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت سرکٹ کے تمام سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی ۔ فلم کوپنجاب ، سندھ اور وفاقی سنسر بورڈ نے بغیر کسی اعتراض کے نمائش کی اجازت دی ہے ۔ ڈائریکٹرذیشان خان کی ہدایت میں بنی فلم کی سٹار کاسٹ میں احمد زیب، فاریہ حسن ، نعمان سمی نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں جبکہ سینئر فنکار مصطفی قریشی اور ورسٹائل فنکار سلیم معراج نے منفرد کردار وں میں جلوہ گر ہوکر فلم کی رونق کو چار چاند لگا دئیے ہیں ۔