لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ اسٹیبلشمنٹ جتنی سیاست سے دور رہے گی ، اتنی ہی باوقار رہے گی ۔ اعلیٰ عدالتوں سے توقع ہے کہ نظریہ ضرورت کو ہمیشہ کے لیے دفن کر کے قوم کی امنگوں کی ترجمانی کریں گی ۔ الیکشن ریفارمز کے بغیر پائیدار جمہوریت کے قیام کی منزل حاصل نہیں کی جاسکتی ۔ پیسے اور طاقت کے زور پر الیکشن کے عمل کو ہائی جیک کرلیا جاتاہے ۔آج بہاولپور کی تاریخ کا بڑا جلسہ کریں گے ۔ فضائی آلودگی کے خاتمے کیلئے ہر شخص پودا لگائے اور سیاسی سموگ سے جان چھڑانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔ آنے والا دور شہزادے ، شہزادیوں کا نہیں ، بلکہ ان کا ہے جن کا جینا اور مرنا ملک و قوم کے لیے ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں شجر کاری مہم کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر امیر العظیم اور قیصر شریف بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ سینٹ کے انتخابات آئین میں موجود طریقہ کار کے مطابق کرانے کا فیصلہ دینے پر چیف جسٹس آف پاکستان کو مبارکباد دیتا ہوں ۔انہوں نے نظریہ ضرورت کے بجائے آئین کو ترجیح دی۔ این اے 75 کا ضمنی انتخابات کالعدم قرار دینے سے ثابت ہو گیا کہ الیکشن کمیشن ناکام رہا جو صرف چار حلقو ں میں بھی انتخابات نہ کرا سکا۔ جب تک شفاف و غیر جانبدار انتخابات کے لئے تمام سیاسی جماعتیں بیٹھ کر متفقہ طریقہ کار وضع نہیں کریں گی ایسے ہی انتخابات ہوتے رہیں گے ۔