راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے ) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس راجہ شاہد محمود عبا سی نے حنیف عبا سی کی سزا کیخلاف دائر اپیل کی سماعت سے انکار کرتے ہوئے نیا بنچ تشکیل دینے اور اپیل نئے بنچ میں لگانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔جسٹس شاہد محمود عبا سی نے سماعت سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اے این ایف کی جانب سے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر کے طور پر اپیل کنندہ کیخلاف پیش ہوتے رہے ہیں ، اب سزاکیخلاف اپیل کی سما عت نہیں کرسکتے جس پر عدالت نے سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی ۔