نوڈیرو(92نیوزرپورٹ،این این آئی)نیب نے نوڈیرومیں بھٹو ہاؤس میں چھاپہ مارکر سابق صدر آصف زرداری کے قریبی ملازم ندیم بھٹو کو گرفتار کرلیا۔ذرائع کے مطابق گرفتارملزم کا نام جے آئی ٹی رپورٹ میں درج ہے ،ترجمان نیب کے مطابق ندیم بھٹوکوآج احتساب عدالت میں پیش کیاجائیگا۔ندیم بھٹو نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے رقم نکلوائی تھی،جے آئی ٹی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ندیم بھٹو نے اپنی اہلیہ کے نام پر جعلی اکاؤنٹس کھول رکھے تھے اورپیسے ان جعلی اکاؤنٹس میں جاتے تھے ،تمام جعلی اکائونٹس کی دیکھ بھال کی ذمہ داری ندیم بھٹوکی تھی۔نیب نے کیس کے حوالے سے تمام شواہد حاصل کرلئے تھے ،پانچ سے زائدمختلف اکاؤنٹس سے کروڑوں کی ٹرانزیکشنزندیم بھٹواوران کی اہلیہ کے اکاؤنٹس میں ٹرانسفرہوتی رہی۔این این آئی کے مطابق ندیم بھٹو، بھٹو ہاؤس کا سپروائزر ہے اور وہ جعلی اکاؤنٹس سے لاکھوں روپے وصول کرکے بھٹو سٹیٹ کے ملازمین کو تنخواہیں جاری کرتا تھا۔ پیپلز پارٹی نے گرفتاری کی خبروں کی تردیدکرتے ہوئے کہا بھٹو ہاؤس پر کسی ادارے نے کوئی چھاپہ نہیں مارا۔ترجمان نوڈیرو ہاؤس کراچی کے مطابق ملزم ندیم بھٹو لاڑکانہ ہاؤس کا انچارج نہیں۔