پشاور(نیوز رپورٹر، خبر نگار)پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے زیر اہتمام حکومت کیخلاف جاری تحریک کے تسلسل میں پشاور میں جلسہ انتظامیہ کی اجازت کے بغیر ہی کیا گیاجبکہ جلسہ میں کورونا ایس او پیز پر کی دھجیاں اڑادی گئیں۔ جلسہ کیلئے حکومت کی جانب سے سکیورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے تھے ۔جلسہ میں مختلف اضلاع سے کارکنوں نے قافلوں کی صورت میں شرکت کی ۔تاہم توقعات کے برعکس پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں کارکنوں کی بڑی تعداد کو اکٹھا کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسہ میں ایک اندازے کے مطابق 7سے 10 ہزار کے درمیان کارکنوں نے شرکت کی۔ جلسہ کو حکومت کی جانب سے ناکام اور پی ٹی آئی حکومت پر عوام کا اعتماد قرار دیا گیا۔ فضل الرحمٰن کی جانب سے اعتراض کے بعد رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ جلسے میں شریک نہ ہوئے ۔پی ڈی ایم رہنمائوں کو عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما غلام بلور نے اپنے گھر میں ظہرانہ دیا جس میں مریم نواز، بلاول بھٹو، فضل الرحمٰن، شاہد خاقان عباسی و دیگر نے شرکت کی۔ظہرانے میں پشاور کے روایتی کھانوں سمیت مختلف ڈشوں کااہتمام کیاگیا تھا۔