نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی ) پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے نوجوت سنگھ سدھو کا بغل گیر ہونا ابھی تک بھارتکو ہضم نہیں ہو سکا۔ بھارتی میڈیا کے بعد اب بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج بھی انکے خلاف پھٹ پڑیں۔نوجوت سنگھ سدھو کی بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کیساتھ ملاقات بھی کلاس میں تبدیل ہو گئی۔ پاکستانی آرمی چیف سے بغل گیر ہونے پرنوجوت سنگھ سدھو کو خوب ڈانٹا اور کہا کہ پاکستان میں سدھو کا رویہ بالکل بھی مناسب نہیں تھا۔ملاقات میں سشما سوراج نے سدھو کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سکھ یاتریوں کا مسئلہ بہت حساس ہے لیکن سدھو کے بیانات سے یہ ضرورت سے زیادہ سیاسی بنا۔انہوں نے سدھو پر الزام لگایا کہ کرتار پور بارڈر کھولنے کا معاملہ صرف ان کی وجہ سے سیاست کا شکار ہو گیا ۔انہوں نے سدھو سے کہا کہ بھارت کرتار پور سرحد کھولنے کیلئے پاکستان سے بات کرنے کی تیاری کر رہا تھا لیکن ان کے بیانات کی وجہ سے معاملہ مؤخر ہو گیا ۔جبکہ بھارتی وزیردفاع نرملا سیتارمن نے کہا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو کے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے گلے ملنے کے اثرات ہمارے فوجیوں پر پڑے ہیں، فوج اور عوام کا مورال بھی گرا ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین ویمن پریس کارپوریشن میں گفتگو کے دوران نرملا سیتارمن نے کہا کہ سدھو کو پاک فوج کے سربراہ سے ملاقات کے دوران گلے ملنے سے گریز کرنا چاہیے تھا۔