ملتان(نیوزایجنسیاں )وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ احتساب کے ادارے حکومت کے تابع نہیں اور یہ زرداری بھی جانتے ہیں ۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم بلاتفریق احتساب کے قائل ہیں۔احتساب کا عمل شفاف طریقے سے جاری رہنا چاہئے ۔ احتساب کے ادارے یا عدالتیں حکومت کے تابع ہیں نہ ماتحت ہیں، وہ آزاد ہیں اور ازخود کارروائی کرتے ہیں، حکومت کا ان پر زور ہے نہ ہی وہ ہمارے کہنے پر کارروائی کرتے ہیں اور آصف زرداری بھی یہ بات جانتے ہیں کیونکہ وہ حکومت میں رہے اور سارے معاملات سے واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اپوزیشن کی اے پی سی کا ایجنڈا سمجھ نہیں آرہا، اے پی سی بامقصد ہونی چاہئے ۔ یہ تو اپنے بچاؤ کا کوئی پروگرام لگتا ہے ۔پاکستان کے مسائل 60 دنوں میں تو پیدا نہیں ہوئے ، عوام بھی جانتے ہیں اس ملک کے مسائل کیا ہیں۔اے پی سی کا مقصد اگر جمہوریت کو متزلزل کرنا ہے تو یہ کوئی مثبت قدم نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا جنوبی پنجاب ایک ضرورت ہے اس سے انکار نہیں کیاجاسکتا تاہم صوبہ جنوبی پنجاب کیلئے دو تہائی اکثریت کیلئے اپوزیشن کا ساتھ چاہئے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ سندھ میں ایک حکومت چل رہی ہے جس کی اکثریت ہے ، مجھے گورنر راج کا کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا، یہ من گھڑت خبریں ہیں۔