کراچی(سٹاف رپورٹر)گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے ) اورمتحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے )کے مابین سندھ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پراتفاق ہوگیا۔مجلس عمل سندھ نے جی ڈی اے سے انتخابی اتحاد کی بھی منظوری دے دی ہے ، فائنل انتخابی معرکہ میں سندھ بھرسے مشترکہ امیدوارہونگے ،سندھ اسمبلی کی 20 نشستوں پرسیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلی گئی ۔متحدہ مجلس عمل سندھ کے صدرعلامہ راشد محمود سومرو نے کہا کہ سندھ ڈیموکریٹک الائنس سے صوبائی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی مجلس عاملہ نے منظوری دیدی ہے ،جلد ہی ایم ایم اے اور جی ڈی اے کے رہنماؤں کا اجلاس طلب کرکے مشترکہ طورپراتحاد کا باضابطہ اعلان کردیا جائے گا، اس بات کا فیصلہ متحدہ مجلس عمل سندھ کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے گزشتہ 10 برسوں میں سندھ کی تباہی اورعوام کا خون چوسنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔ 25 جولائی عوام دشمن قیادت سے ووٹ کی پرچی کے ذریعے انتقام لینے کا بہترین موقع ہے ۔ متحدہ مجلس عمل سندھ کی مجلس عاملہ کے اجلاس میں پشاور، بنوں اورمستونگ بم دھماکوں میں شہید ہونے والوں کی مغفرت، درجات کی بلندی، لواحقین کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحتیابی کی دعا کی گئی۔