لاہور(سٹاف رپورٹر)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ،مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماحمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی کوئی حل نہیں، جوڈیشل انکوائری کی جائے جو حقائق سامنے لائے ،مقتولین کو انصاف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، اسمبلی کے فورم اور میڈیا کے سامنے معصوم بچوں کا کیس لڑیں گے ،ہم پہلے انسان ہیں پھر سیاستدان، انسانیت کاقتل کسی صورت قابل قبول نہیں اور جو درندے اس سانحہ میں ملوث ہیں انہیں اسی جگہ پر سر عام پھانسی دی جائے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز سانحہ ساہیوال کے مقتول خلیل کے گھر لواحقین کے ساتھ تعزیت کے بعدچونگی امر سدھومیں اورقبل ازیں پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت سی جے آئی ٹی رپورٹ دیکھی ہیں، جوڈیشل کمیشن بنے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو ۔انہوں نے کہا کہ کبھی معصوم لوگوں کو اغوا کار تو کبھی دہشت گرد کہاگیااس معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے قوم حقائق جانناچاہتی ہے ۔حکومت نام کی کہیں کوئی چیزنظر نہیں آتی،حالات یہ ہیں کہ کوئی بھی پاکستانی اپنی فیملی کیساتھ کہیں آ جا نہیں سکتا۔جس طرح قوم آج دکھی ہے ان قاتلوں کا مداوا ہے انہیں سر عام پھانسی دی جائے ۔