لاہور(قاضی ندیم اقبال) بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کے حوالے سے حکومت پنجاب کے خود مختار ادارے اوقاف کا کردار تسلیم کر لیا گیا ۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے ترقیاتی بجٹ میں آخری لمحات میں 10کروڑ روپے کا اضافہ کر کے 40کروڑ روپے کر دیا گیا۔آئندہ مالی سال2019-20کے دوران محکمہ اپنی پہلے سے جاری7ترقیاتی سکیمیں مکمل اور 15 نئی ترقیاتی سکیمیں شروع کرے گا۔ 5ترقیاتی سکیمیں شمالی پنجاب جبکہ 10ترقیاتی سکیمیں جنوبی پنجاب میں شروع کی جائیں گی ۔نئی ترقیاتی سکیموں میں صو بہ میں وقف اراضی کی جیو میپنگ کی سکیم بھی شامل ہے ۔مصدقہ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کے خود مختار ادارے اوقاف و مذہبی امور کے لئے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے آئندہ مالی سال کے لئے 30کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کرنے کا عندیہ دیا۔ تاہم صوبائی وزیر اوقاف صاحبزادہ سید سعید الحسن شاہ اور سیکرٹری اوقاف ذوالفقار احمد گھمن نے چیف سیکرٹری اور وزیر اعلی پنجاب کو باور کرایا کہ آنے والے دنوں میں بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کا کام مزید بڑھنا ہے اس لئے گذشتہ سال کی نسبت زیادہ ترقیاتی بجٹ فراہم کیا جائے تاکہ عوام کو محسوس ہو سکے کہ موجودہ حکومت سابق صوبائی حکومت کی نسبت زیادہ کلیئر ویژن رکھتی ہے ۔ذرائع کے مطابق سردار عثمان بزدار نے موقف درست مانتے ہوئے اوقاف کے ترقیاتی بجٹ میں 10کروڑ روپے کا اضافہ کرنے کا حکم دے دیا۔