کراچی (سٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے حکومت سندھ کو سی پی این ای کے تمام اراکین کے اخبارات کے واجبات کی فوری ادائیگی کا حکم دیدیا۔ یہ حکم سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں ڈویژن بینچ نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی جانب سے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک کی دائر کردہ رٹ پٹیشن کی سماعت کے بعد جاری کیا۔ عدالت نے حکم میں واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کی انسپکشن ٹیم 15 دنوں سی پی این ای کے اراکین کے اخبارات کے واجبات کی تصدیق کر کے انہیں فوری ادائیگی کرے ۔ سی پی این ای نے آئینی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری اشتہارات کی مد میں واجبات کی کئی سالوں سے عدم ادائیگی کی وجہ سے ان کے اراکین کے اخباری اداروں کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں صحافی اور دیگر ورکرز بھی شدید مالی پریشانیوں کا شکار ہیں جبکہ سندھ حکومت اخبارات کی ادائیگی کے لئے کئی سالوں سے لیت و لعل سے کام لے رہی ہے ۔ سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لے کر 4 ہفتوں میں واجبات ادا کرنے کا حکم دیا تھالیکن اس پر بھی تاحال عمل درآمد نہیں ہوا۔ سی پی این ای کی پیروی رفیق احمد کلوڑ اور جی ایم درس ایڈووکیٹ نے کی۔