لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا کہ اپوزیشن کا حکومت سے جان چھڑانے پر کوئی اختلاف نہیں،حکومت کے پاس اکثریت نہیں ،ان کے اتحادی اگر ناراض ہوجائیں تو پی ٹی آئی کی حکومت گرجائے گی۔92 نیوز کے پروگرا م ہوکیارہاہے میں میزبان فیصل عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے نیئر بخاری نے کہا کہ عمران خان نے بھی 126دن کا دھرنا دیا لیکن اس وقت اے پی ایس کا سانحہ ہوگیا جس کی وجہ سے انہیں فیس سیونگ مل گئی ورنہ ان کا دھرنا تو فلاپ ہوگیا تھا۔دھرنے کے بارے میں ہمارا موقف واضح ہے تاہم لانگ مارچ میں شرکت کرکے عوام کو اس حکومت سے نجات دلائیں گے ۔گھر کے معاملات حکومت سے کنٹرول نہیں ہورہے ہیں اور وہ ایران سعودی عرب کے درمیان صلح کرانے جارہے ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ نئے انتخابات ہوں اور وزیراعظم صدر کو اسمبلیوں کی تحلیل کی ایڈوائس دیں ۔27 اکتوبر سے پہلے اپوزیشن سیاسی جماعتیں مشاور ت کرینگی۔تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے بات چیت کیلئے کمیٹی پہلے بن رہی تھی لیکن وزرا کے بیانات نے سارا ماحول خراب کیا۔عمران خان کو اندازہ ہوگیا ہے کہ دھرنا ہوگا اس لئے عمران خان نے سعودی عرب میں اس کا لازمی طورپر ذکرکیاہوگا ۔حکومت ہر بجٹ پر کٹوتی کررہی ہے نوکریاں کہاں سے آئیں گی،14ماہ ہوگئے ہیں اس حکومت کو ان سے پوچھا جائے کہ اس عرصے میں کتنی نوکریاں پیدا کیں۔اس حکومت کی کابینہ تو انڈر 19 کی ٹیم بھی نہیں، پتہ نہیں یہ کیاہیں۔فواد چودھری پارلیمنٹ میں ہی نہیں جاتے ہیں ان کی وزارت میں قائمہ کمیٹی میں انکے خلاف بڑی لے دے ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب شاہی جوڑا مشرقی لباس پہن رہاہے تو ایسے میں رکشا ڈرائیور کو سوٹ پہنا رکھاہے ، عمران خان کو ملک کے سافٹ امیج کیلئے بہت کام کرنے کی ضرورت ہے ۔