ملتان (سٹاف رپورٹر) سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے حکومت سو دن میں سرائیکی صوبے کے قیام کا وعدہ پورا کرے ،پیپلز پارٹی صوبے کے قیام کے لئے حکومت کا ساتھ دے گی، حکومت عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے بھی اقدامات کرے ۔ڈیڑہ غازی خان بس حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایک خاندان کے 13افراد کی رسم چہلم کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا سو دن میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا، ہم چاہتے ہیں حکومت کامیاب ہو اور عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے ،حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ ڈیرہ غازی خان حادثہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی ہر ممکن مدد کرتی لیکن امداد تو درکنار پنجاب سے کوئی حکومتی شخصیت اظہار تعزیت کرنے تک کرنے نہیں آئی، انہوں نے کہا مولانا سمیع الحق عالمی سکالر تھے ، ان کا قتل افسوسناک ہے ، ملکی معاملات پارلیمنٹ کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔