پشاور،مردان ،تخت بھائی ،نوشہرہ ،صوابی ،جمرود ، ہنگو ،سوات ،مہمند (نمائندگان 92نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں نے تباہی مچادی ،چھتیں گرنے سے 11 افراد جاں بحق اور 22زخمی ہوگئے ہیں ، مردان کے نواحی علاقہ گڑھی کپورہ میں بارش سے کچے مکان کی چھت گرگئی جس کے ملبے تلے دب کر مسما ۃ(ص) اور ا سکی پانچ سالہ بیٹی شمائلہ جان بحق ہوگئیں جبکہ مسما ۃ (م) اور 65 سالہباچا گل شدید زخمی ہوگئے ۔ اسی طرح لوند خوڑ اور پیر سدی میں دو مختلف واقعات میں بوسیدہ مکانوں کی چھتیں گرنے سے 8سالہ حسنین جاں بحق ہوگیا جبکہ صادق الحق زخمی ہوگیاجبکہ دوسرا واقعہ شیرگڑھ کے نواحی علاقہ پیر سدی شیر حسن کورونہ میں پیش آیا جہاں حالیہ بارشوں سے رحمت علی نامی شخص کے کچے مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں رحمت علی اور ان کی اہلیہ مسماۃ(ش) زخمی ہوگئیں ۔ دریں اثناء حریف خان کلے ضلع صوابی میں مکان کی چھت گرنے سے ملبہ تلے دب جانے سے سوار خان جاں بحق جبکہ اس کا بھائی سردار،بیوی دو بیٹے حامد اورجابر زخمی ہوگئے ۔ اسی طرح ضلع صوابی میں افغا ن مہاجر کیمپ سمیت مختلف علاقوں میں کچے مکانات گر نے کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہو گئے ۔ادھر ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ قبیلہ سپاہ میں مکان کی چھت گرنے سے بہن ،بھائی جاں بحق جبکہ تین خواتین سمیت 6افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔ ہنگو کے علاقہ چھپری میں بارشوں کے باعث مکان کی چھت گرگئی جس کے نتیجے میں باپ بیٹی جاں بحق ہوگئے ،ضلع سوات میں بارشوں کے باعث سیدوشریف شیر اطرف نارگٹ میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی ،اسی طرح ضلع مہمندکی تحصیل پنڈیالئی تمانزئی میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 13 سالہ بچی جاں بحق جبکہ ایک خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔دریں اثناپی ڈی ایم اے نے حالیہ بارشوں پر اپنی رپورٹ میں کہا کہ خیبرپختونخوامیں بارشوں سے 23افرادجاں بحق، 54 زخمی ہوئے ، 114 مکانات کوجزوی نقصان ہوا۔ بارشوں سے 13مکانات کومکمل طور پر نقصان ہوا۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پربٹگرام،چارسدہ میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا ۔