لاہور (نیٹ نیوز) معروف یوٹیوبر سٹار عمر خان عرف یوخانو نے خود پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگانے والی خواتین پر مقدمہ کر دیا۔ یوخانو نے نئے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ میں نے 3 ماہ کی تفتیش کے بعد خود پر لگائے گئے جھوٹے الزامات کیخلاف ایف آئی آر درج کرا دی ،الزام لگانے سے قبل سب کی کہانی سننا ضروری ہے ، جنسی ہراسگی اور مرضی سے بات کرنے میں بہت فرق ہوتا ہے ۔ یوخانو پر چند ماہ قبل متعدد خواتین نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے تھے ۔نئی ویڈیو میں ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف اقبال نے کہا کہ اگر کوئی کسی پر جھوٹا الزام عائد کرتا ہے تو کارروائی کے بعد اس کیخلاف ایف آئی آر درج کی جاسکتی ہے ۔ وکیل سمیعہ سجاد کا کہنا تھا کہ ایک ویب سائٹ نے دعا آصف نامی خاتون کا موقف بغیر کسی تصدیق کے شیئر کیا جس میں انہوں نے عمر خان پر الزامات عائد کئے ۔یوخانو نے ویڈیو میں خاندان، دوستوں اور سپورٹ کرنیوالے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔