پشاور(92نیوز)جمعیت علماء اسلام کے سر براہ اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہاکہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی نمائش کی منسوخی میں اہم کردار وزیراعظم عمران خان ،وزیرخارجہ شاہ محمود اور ترکی کے صدر طیب اردگان کا ہے ،اگر اسلامی ممالک کے حکمران اسی طرح پاکستان اور ترکی کی طرح کچھ غیرت وحمیت کا مظاہرہ کرتے رہے تو عالم کفر اسی طرح پسپائی اختیار کرتا رہے گا ۔مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلوں کے اعلان سے امت مسلمہ کے دل آزاری ہوئی ، خاکوں کا اعلان اسلامی ممالک کے حکمرانوں اور ڈیڑھ ارب مسلمانوں کیلئے پیغام جنگ ہے اب بھی اگر مسلم حکمرانوں نے حمیت و غیرت کا مظاہرہ نہ کیا اور ہالینڈ حکومت سے احتجاج نہ کیا تو یہ امت مسلمہ سے غداری ہو گی۔مظاہروں سے خطاب میں اکوڑہ خٹک میں جمعیت علماء اسلام کے مرکزی نائب امیر مولانا حامد الحق حقانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو جان بوجھ کر تشدد کی طرف دھکیلنا چاہتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہود و ہنود اور اسلام دشمنوں کے عزائم دنیا رآشکارہ ہوگئے ہیں۔ جہانگیرہ میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید یوسف شاہ نے کہا کہ ان حرکتوں سے حضورؐکی محبت ہمارے دلوں سے کوئی نہیں نکال سکتا ہے ۔