ملتان( سپیشل رپورٹر)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسرائیلی طیارے کی اسلام آباد میں آنے کی خبر جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ جس خبر کی کوئی بنیاد اور حقیقت ہی نہیں اس پر کیا بات کی جائے ۔اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد جمہوریت نہیں اپنے مفادات کیلئے ہے ۔ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آبادمیں اسرائیلی طیارے کے 10 گھنٹے قیام کی خبر بالکل لغو ہے ،اس حوالے سے واضح تردید آچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ چین سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے ۔ چینی دورے میں اچھی پیشرفت کی توقع رکھتے ہیں۔سی پیک چین اور پاکستان کے تعلقات میں ایک جزو ہے کل نہیں ہے ۔ سعودی عرب نے پاکستان کیلئے غیر مشروط پیکج کا اعلان کیا ہے ۔اگر کسی پیکج سے ملکی معیشت بہتر ہوتی ہے تو یہ اچھا اقدام ہے ۔ایسے پیکج پر منفی رویہ نہیں ہونا چاہئے ۔ شاہ محمواد نے کہا ماضی میں بھی اپوزیشن اتحاد بنتے رہے ہیں مگر حالیہ اپوزیشن کا اتحاد جمہوریت کی بحالی کیلئے نہیں بلکہ ذاتی مفادات کیلئے ہے ۔جو کل دست وگریبان ہو رہے تھے آج اکٹھے ہو رہے ہیں۔ عوام جانتے ہیں یہ اتحاد کون اکٹھا کر رہا ہے اور کیوں کررہا ہے ۔ عوام سے اس دفعہ انہیں پذیرائی نہیں ملے گی۔ شاہ محمود نے کہا جنوبی پنجاب صوبہ نہ صرف وقت کی ضرورت ہے بلکہ عوام کی خواہش بھی ہے ۔ نئے صوبے کیلئے ہمارے پاس واضح اکثریت نہیں۔ ہم تنہا آئینی ترمیم نہیں کرسکتے ۔ اس کیلئے دیگر جماعتوں کا سہارا لینا ہوگا۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ والوں سے درخواست ہے جنوبی پنجاب صوبے کیلئے ایک ہوجائیں۔ وزیر خارجہ نے کہا مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرارادادوں کے مطابق حل کرنا چاہتے ہیں۔ اگر ہم اس خطے میں امن چاہتے ہیں اور اچھے پڑوسیوں کی طرح رہنا چاہتے ہیں تو مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا۔ افغانستان میں دھماکے کا الزام پاکستان پر لگانا درست نہیں۔ الزام لگانا آسان ہے الزامات سے معاملات درست نہیں ہوتے بلکہ بات چیت کے ذریعے معاملات حل ہونے چاہئیں۔ افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں۔ افغانستان کی ساری تجارت پاکستان کے راستے ہوتی ہے ۔ پاکستان کی خواہش ہے افغانستان میں امن ہو ۔ انہوں نے کہا ماضی میں ناتجربہ کار اور سیاسی لوگوں کو سفیر لگایا گیا اب ایسا نہیں ہوگا۔ ہماری خواہش ہے تجربہ کار اور پیشہ ور سفیر لگائے جائیں۔ سفیروں کی تعیناتی ذاتی نہیں قومی ایجنڈا ہے ۔