پشاور(ممتاز بنگش)خیبر پختونخوا میں سوائن فلو نے سر اٹھا لیا جبکہ ہسپتالوں میں ٹیسٹ اور مہنگا علاج مریضوں کی برداشت سے باہر ہوگیا، صوبے کے کسی سرکاری ہسپتال میں ٹیسٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہے ، متاثرہ مریضوں کے ٹیسٹ اسلام آباد یا کراچی میں مہنگے داموں کرائے جاتے ہیں ۔ نجی ہسپتالوں میں ایک ٹیسٹ 10سے 13ہزار میں کیا جاتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق جو ٹیسٹ اسلام آباد بھیج دیئے جاتے تھے اسے سرکاری ہسپتالوں نے اس لئے بھیجنا بند کر دیا ہے کہ ان ٹیسٹ کی ادائیگی بروقت نہیں کی جاتی تھی، صوبے کے کسی ہسپتال میں وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لئے آئسولیشن وارڈ بھی قائم نہیں کیا جا سکا ۔ ایچ ایم سی کے فوکل پرسن ڈاکٹر عظمت نے تصدیق کی کہ ہسپتال میں ٹیسٹ کی سہولت میسر نہیں ۔