پشاور(ذیشان کاکاخیل)خیبرپختونخوا میں عام لوگوں سے زیادہ ریلوے کی زمین پر سرکاری محکموں نے قبضہ کیا ہے ، اراضی کو واگزار کرنا ریلوے کے لئے امتحان بن گیا ہے ،خیبرپختونخوا میں عاملوگوں کی جانب سے 63 ایکڑ اراضی پر قبضہ کیا گیا ،اس میں 34 ایکڑ اراضی پر مکانات تعمیرکئے گئے جبکہ 12 ایکڑ اراضی کو لوگوں نے زرعی مقاصد کے لئے استعمال کر نا شروع کر دیا ہے ۔سرکاری محکموں نے ریلوے کی 347 ایکڑ اراضی پر قبضہ جما رکھا ہے ۔روزنامہ 92 نیوز کے پاس موجود دستاویزات کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف محکموں نے 224 ایکڑ ریلوے کی اراضی پر قبضہ کیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا ریلوے ریجن میں پنچاب حکومت نے ریلوے کی 108 ایکڑ اراضی پر قبضہ جما رکھا ہے ۔ ریلوے کی اراضی کی دیکھ بھال کرنے والے آفیسر ڈویژنل ایگزیگٹو انجینئر شاہ نواز سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ وہ صرف وفاقی وزیر کے تحریری اجازت نامے پر ہی تفصیلات فراہم کرسکتے ہیں ۔