پشاور(خبرنگار) خیبر پختونخوا کابینہ نے نئے اضلاع بنانے کیلئے ایک جامع پالیسی وضع کرنے پراتفاق کیا اورآئندہ سیاسی بنیادوں پراضلاع کے قیام پرپابندی لگادی ہے ،کابینہ نے خیبر پختونخواDelegation of Financial Powers Rules 2018 میں ضروری ترمیم کی منظوری دی جس کے تحت ڈپٹی کمشنرز کو بعض مالی اختیارات تفویض کئے گئے تاکہ اضلاع میں تیز تر ترقی یقینی بنائی جا سکے ،کابینہ نے صوبائی محتسب سیکرٹریٹ میں کنٹریکٹ سٹاف کے کنٹریکٹ میں دو سال کی توسیع کی منظوری دیدی جبکہ رخشندہ ناز کی صوبائی محتسب کی حیثیت سے تعیناتی،ججز کیلئے 13سے 18سی سی تک گاڑیوں کی خریداری کی منظوری بھی دیدی۔وزیراعلیٰ کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے خواجہ سراؤں کے تحفظ اور ضروریات سے متعلق واضح حکمت عملی وضع کرنے اور انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کی بھی ہدایت کی۔صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا کہ صوبائی کابینہ کا اگلا اجلاس قبائلی ضلع خیبرمیں ہوگا، اس کے علاوہ کابینہ میں8سال بعد خواتین کو ہراساں کرنے کے کیسزکی شنوائی کیلئے رخشندہ ناز کو صوبائی محتسب کی حیثیت سے تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔کابینہ میں توسیع کا اعلان بہت جلد ہوگا ،انہوں نے کہاکہ قبائلی اضلاع کے تین بند ریڈیو سٹیشن صوبائی حکومت ، سوات ایکسپریس وے کو موٹروے پولیس کے حوالے کیاجائے گا ۔صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا اربن ماس ٹرانزٹ ایکٹ 2016ء میں ترمیم کی منظوری دیدی ۔ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ رولز2018ء ، رائٹ ٹو پبلک سروسز رولز2014ء میں ترامیم ، خواجہ سرائوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ یقینی بنانے کیلئے خیبر پختونخوا رولز آف بزنس1985 ء میں ترمیم ،فشریز رولز1976ء میں ترامیم کی منظوری دیدی ۔