لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سری لنکا میں ہونیوالے بم دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی عالمی مسئلہ بن چکا ،نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ ایسٹر کے موقع پر گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں دھماکے انتہائی قابل مذمت فعل ہے ،ان دھماکوں پر دلی دکھ اورصدمہ پہنچا ،پاکستان اور پنجاب کے عوام کی تمام تر ہمدردیاں سری لنکا کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ سری لنکا میں بے گناہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور ہم جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ کو محسوس کرسکتے ہیں، دہشت گردی کا ناسور ایک بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے اور اس ناسور سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر مربوط انداز میں موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر کوآپریٹو مہراسلم بھروانہ نے ملاقات کی۔صوبائی وزیرمہر اسلم بھروانہ نے محکمہ کوآپریٹو کی کارکردگی کے بارے میں وزیراعلیٰ کو بریف کیا،وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ کوآپریٹو کو فعال اور متحرک محکمہ بنایا جائے گا،محکمہ کوآپریٹو کے اثاثوں اور جائیدادوں کو لیز پر دینے کیلئے نئی پالیسی مرتب کی جارہی ہے ،لیز کے ریٹس پر بھی نظرثانی کی جائے گی،لیز کے نرخوں کومارکیٹ کے موجودہ ریٹ کے مطابق بنانا ضروری ہے ۔دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ورلڈ ارتھ ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زمین سے محبت کا احساس جگانے کیلئے دنیا بھر میں آج یوم ارض منایا جا رہا ہے اور پانی، پہاڑ، جنگلات، ہریالی اور صحرا کو اصل روح کیساتھ قائم رکھنا ہی زمین سے محبت کا نام ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بھاٹی گیٹ میں مکان کی چھت گرنے کے واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رکن پنجاب اسمبلی احمد علی خان دریشک کے والد سردار نوازش علی خان دریشک کے عمرہ کی ادائیگی کے دوران مدینہ منورہ میں انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔