پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی دارالحکومت پشاور میں دہشتگرد حملوں میں معذور ہونے والے پولیس اہلکاروں نے دوبارہ فرائض سنبھال لئے ہیں، ابتدائی طور پر 2 معذور اہلکاروں کو انکے گھروں کے قریب پولیس دفاتر میں تعینا ت کیا جارہا ہے ، معذوراہلکاروں کو سرکاری گاڑی کے ذریعے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی دی جائیگی ، باڑہ گیٹ کے رہائشی ہیڈ کانسٹیبل سید علی شاہ جوکہ 2009ء میں سی آئی اے تھانے سواتی پھاٹک کے مین گیٹ پر ہونے والے خودکش دھماکہ میں دونوں ٹانگوں سے محروم ہو گیا تھا کو نزدیک ترین تھانہ گلبرگ میں تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ بشیر آباد کے رہائشی کانسٹیبل شاہ سعود جو 2010ء میں تھانہ پشتخرہ کی حدود میں ہونے والے ریموٹ کنٹرول بم بلاسٹ میں ایک ٹانگ سے محروم ہو گیا تھا کو قریب ترین پولیس دفتر(ڈی ایس پی فقیر آباد) میں تعینات کر دیا گیا ہے ، یہ فیصلہ کیپٹل سٹی پولیس آفیسر قاضی جمیل الرحمن نے معذور پولیس اہلکاروں سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد کیا ۔