لاہور(وقائع نگار،کامرس رپورٹر،92 نیوز رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جوہر ٹاؤن کے علاقے میں ہونیوالے دھماکے کی شدید مذمت کی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے رات گئے جناح ہسپتال کا دورہ کیا۔فرداً فرداً زخمی افرا دکے پاس گئے اور ان کی خیریت دریافت کی۔انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ املاک کو پہنچنے والے نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے گا اورزخمی افراد کا فری علاج معالجہ ہوگا۔وزیر اعلی نے زخمی افراد کی عیادت کرتے ہوئے کہاکہ ہماری ہمدردیاں آپ کے ساتھ ہیں ۔وزیراعلیٰ رات گئے تک متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے رہے اورریسکیو1122 اور متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیو ں کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں ۔وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور صوبائی وزیر ہا شم ڈوگر کو جناح ہسپتال جا کر زخمیو ں کی عیادت کی ہدایت کی۔قبل ازیں انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کااظہار کیااورواقعہ کانوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔دریں اثناء وزیراعلی سے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔وزیراعلی سندھ نے جوہر ٹاؤن دھماکے کی مذمت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ زراعت کی ترقی کیلئے جدید خطوط پر منفرد انداز میں کام کرینگے ،اس کیلئے زرعی فارمنگ پالیسی بنائیں گے جبکہ چین کیساتھ سفارتی تعلقات کے 70برس مکمل ہونے پر تقریب میں کہا کہ پاک چین تعلقات نئی بلندیوں کو چھورہے ہیں۔انہوں نے لاہوردھماکے کی بھی شدید مذمت کی۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ زرعی شعبے کی خوشحالی سے صوبے کی معیشت مضبوط ہو گی۔بیج کے اعلیٰ معیار کیلئے ریسرچ پر فوکس کیا جائے گا۔ فوڈ سکیورٹی کے لئے کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے ۔ فیصل آباد کے سپیشل اکنامک زون میں چین کے سرمایہ کاروں کے لئے ہرطرح کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ کارپوریٹ ایگریکلچر فارمنگ میں بھی چینی سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے ۔ سی پیک سے خطے میں معاشی سرگرمیاں بڑھنے سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی،مشیرڈاکٹر سلمان شاہ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری زراعت، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ، چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے ۔بعدازاں پاکستان اورچین کے سفارتی تعلقات کے 70برس مکمل ہونے کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔وزیر اعلیٰ اور صوبائی وزراء نے پاکستان اور چین کے پرچم تھام کرتقریب میں شرکت کی، نیک تمناؤں کا اظہار کیااور پاک چین دوستی زندہ باد کے نعرے لگائے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کی دوستی اپنی مثال آپ ہے ۔پاکستان اورچین کی دوستی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے ۔