کراچی(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ہفتہ کو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒکے یوم ولادت کے موقع پر ان کے مزار پر حاضری دی، پھول رکھے ، فاتحہ پڑھی اور کتاب میں تاثرات درج کئے ، میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مزار قائد پر حاضری باعث اعزاز ہے ، قائداعظم نے دنیا کا سب سے بڑا اسلامی ملک بنایا، آج کشمیر، بھارت میں مسلمان جس قسم کی زندگی گزار رہے ہیں، اسے دیکھ کر ہم پاکستان کو خدا کی نعمت سمجھتے ہیں، بھارت کو پاکستان ایک آنکھ نہیں بھاتا، ہندوستان مسلمان کے قتل و غارت کا منصوبہ بنارہا ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادری کو تمام حقوق دے رہے ہیں، ہم بھارت جیسا سلوک نہیں کرسکتے ، پاکستان تا قیامت قائم رہے گا، پاکستان وہ حقیقت ہے ، جس سے عقل کا اندھا بھی انکار نہیں کرسکتا۔