لاہور(قاضی ندیم اقبال)عمرہ زائرین کے سعودیہ جانے پر پابندی سے ٹریول ایجنٹ ایسوسی ایشن کے کھربوں روپے داؤ پر لگ گئے ۔تاہم کرونا وائرس سے حج آپریشن کسی صورت متاثر نہیں ہو گا۔ کیونکہ گرم موسم کرونا وائرس کی موت ہے ۔ پہلی بار 1352میں یہ وائرس اٹلی میں سامنے آیا مگر جدہ پہنچتے ہی دم توڑ گیا۔تمام ائیر لائن والوں سے بکنگ کے پیسے واپس ملنے میں وقت لگے گا، تاہم سعودی عرب میں ہوٹلوں کی بکنگ میں دیئے گئے پیسوں کی واپسی کے چانسز ففٹی ففٹی ہیں جبکہ عمرہ ویزہ فیس کی واپسی ممکن دکھائی نہیں دیتی۔ حکومت پاکستان اور سعودی حکومت کو موجودہ حالات میں ٹیپ کے ساتھ تعاون کرنا چاہئے ۔ اس امرکا اظہار خواجہ ایوب نے روزنامہ ’’92‘‘ نیوز سے خصوصی گفتگو میں کیا۔انہوں نے کہا کہ پابندی سے ٹریول ایجنٹ تذبذب کا شکار ہوگئے ہیں۔لاہور سے 10کے قریب ائیر لائنز لاہور سے براہ راست جدہ اور مدینہ شریف کے علاوہ دیگر ممالک کی وساطت سے لنکڈپاکستانی شہریوں کو سعودی عرب لے کر جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ائیر لائنز کی جانب سے یا تو عمرہ زائرین کے پیسے ریفنڈ ہو جائیں گے یا ان کو نئی تواریخ میں سعودیہ لے جانے کی بکنگ ہو جائے گی ۔ تاہم سعودیہ جانے کے لئے ادا کی گئی ویزہ فیس کی واپسی ممکن نہیں۔ رہی بات سعودیہ میں ہوٹلوں کی بکنگ کی ادائیگی کی تو اس ضمن میں ففٹی ففٹی چانسز ہیں۔خواجہ ایوب نے کہا کہ سرکاری سطح پر عازمین حج سے درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ، ہو سکتا ہے کہ بنکوں میں ماضی کی طرح رش نہ پڑے ، تاہم قوی یقین ہے کہ حج آپریشن کرونا وائرس کی وجہ سے متاثر نہیں ہو گا کیونکہ مکہ اور مدینہ کا موسم سخت گرم ہوتا ہے اور گرمی کرونا وائرس کے لئے موت ہے ۔ یہ وائرس گرمی میں ختم ہو جاتا ہے ۔