پشاور(92نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گزشتہ روزشندور پولو فیسٹیول میں شرکت کی اور فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کیا ہے ۔تین روزہ شندور پولو فیسٹیول کا آج پہلا دن تھا جبکہ شندو ر پولو فیسٹیول کی اختتامی تقریب 9 جولائی کو ہو گی، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی،سینئر صوبائی وزیر برائے سیاحت وثقافت محمد عاطف خان، صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی، آئی جی ایف سی اور پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے ، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے صحافیوں سے گفتگو بھی کی اْنہوں نے تمام انتظامات اور سیاحوں کو مہیا کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور اس پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ اْنہوں نے کہا ہے کہ ٹوارزم کارپوریشن خیبرپختونخو اکے تعاون اور ضلعی انتظامیہ چترال کے زیر اہتمام سطح سمند ر سے بلند ترین پولو گراونڈ میں منعقد ہ شندور پولو فیسٹیول کا افتتاح اورسیاحوں کیلئے تمام سہولیات مہیا کرنا صوبائی حکومت کیلئے باعث فخر ہے ، سیاحت کے فروغ کیلئے بھر پور جدوجہد کر رہے ہیں، ایسے فیسٹیولز سے دْنیا میں پاکستان کی مثبت تصویرکو فروغ ملتا ہے ۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے گزشتہ دور میں صوبے میں حکومت قائم کرنے کے ساتھ سیاحت کی ترقی اور کھیلوں کے فروغ کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا ہے جبکہ موجودہ صوبائی حکومت بھی سیاحت کے فروغ کیلئے بھر پور جدوجہد کر رہی ہے ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے جیتنے والی مختلف ٹیموں میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔