کراچی،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ، سٹاف رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) پاکستان کی متنازعہ ٹِک ٹاک سٹار حریم شاہ نے خاموشی سے شادی کرلی،ٹک ٹاک سٹار نے ویب سے گفتگو میں اپنی شادی کی تصدیق کی تاہم انہوں نے شوہر کا نام راز میں رکھا ہوا ہے ۔ حریم شاہ نے 92نیوز اور نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحمد للہ میری شادی ہوگئی ،رخصتی بھی جلدی ہوگی،میرے شوہر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں، سندھ کے صوبائی وزیر ہیں اور کراچی میں مقیم ہیں ۔میرے وولہا میاں پہلے سے شادی شدہ ہیں ،انہوں نے پہلے اپنی پہلی بیوی کو قائل کرنا ہے ۔ جب وہ انہیں قائل کرلینگے پھر ہم اس معاملے کو سب کے سامنے لے آئینگے ۔میں اپنے خاوند کی اجازت سے شادی کی تصویریں شیئر کروں گی۔وہ عمر میں مجھ سے کافی بڑے ہیں۔ وہ ٹی وی ٹاک شوز میں جاتے ہیں۔میرا نکاح کراچی میں ہوا ۔اپنے شوہر کے ساتھ 4جولائی کو ترکی جارہی ہوں۔ دو، تین صوبائی وزیروں نے بھی نکاح کی تقریب میں شرکت کی۔حریم شاہ نے کہاکہ نکاح گناہ تو نہیں جسے چھپایا جائے ۔ادھر حریم شاہ کی رکن سندھ اسمبلی کے ساتھ شادی کی خبریں سندھ اسمبلی کے ایوانوں میں پہنچ گئیں، پی پی ارکان میں کھلبلی مچ گئی ۔ایک دوسرے سے سوالات کرتے رہے کہ سائیں کہیں تم تو نہیں؟۔ صوبائی وزیرسعید غنی نے اپنی گھڑی جبکہ ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے اپنے دونوں ہاتھ دکھا کر صفائی پیش کی ۔صوبائی وزیرشہلا رضا کا کہنا تھا کہ حریم شاہ نے شادی کی تو ہمیں حق نہیں پہنچتا کہ ہم اس پر بات کریں۔ دریں اثنا رکن سندھ اسمبلی سید ذوالفقار علی شاہ نے حریم شاہ سے متعلق چلنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں اپنے خلاف سازش قرار دے دیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ جھوٹی خبریں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی حلیم عادل شیخ اور ان کے میڈیا کوآرڈینیٹر صدام کنبھار چلا رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پرصوبائی وزیراویس شاہ اورصوبائی وزیرسید سردارشاہ کا نام بھی گردش میں اورافواہوں کا زورہے ۔