لاہور، گجرات(کرائم رپورٹر، 92 نیوز، نمائندہ 92 نیوز) خون سفید ہو گیا، چوہنگ کے علاقے شیر شاہ کالونی میں معمولی تلخ کلامی پر بھائی نے شیشے کے وار سے بڑے بھائی کو قتل کردیا جبکہ گجرات میں کانسٹبل نے ماموں کو فائرنگ سے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ تفصیلات کے مطابق شیر شاہ کالونی کے رہائشی حسن امجد کا اپنے بھائی حصام امجد کے ساتھ معمولی تلخ کلامی پر جھگڑا ہوگیا جس پر حصام امجد نے شیشے کے وار سے حسن کو شدید زخمی کردیا جو ہسپتال میں دم توڑگیا۔ ملزم قتل کے بعد فرار ہوگیا۔پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ مقتول حسن امجد کے کزن نے پو لیس کو بتا یا کہ میرا کزن اے سی سی اے کا طالب علم تھا میرے دونوں کزن اپنے 4، 5 دوستوں کے ہمراہ ہاسٹل میں رہائش پذیر تھے ، تمام لڑکے بھی چھوٹے بھائی سمیت فرار ہیں۔ پولیس کے مطابق دونوں بھائی مبینہ طو ر پر نشے کے عادی تھے ۔گجرات کے علاقہ دھارووال میں رشتہ کے تنازع پر پولیس کانسٹیبل دائود نے فائرنگ کر کے سگے ماموں اقبال کو ہلاک اور ممانی کو شدید زخمی کر دیا ۔ پولیس تھانہ کنجاہ مصروف تفتیش ہے ۔