لاہور(کلچرل رپورٹر)مقبول ترین ڈرامہ سیریل’’ میرے پاس تم ہو‘‘ میں کام کرنے والی اداکارہ رحمت اجمل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس پراجیکٹ کا حصہ بن کر بہت مایوسی ہوئی۔ رحمت اجمل اس ڈرامے میں عائشہ نامی لڑکی کا کردار ادا کررہی ہیں جو ڈرامے کے مرکزی کردار دانش کی دوست بنی ہیں۔جہاں کاسٹ میں موجود ہر اداکار کی اداکاری کو پسند کیا گیا تو وہیں کچھ کو تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا انہیں میں ایک رحمت اجمل بھی ہیں، جنہوں نے خود پر ہوئی تنقید کے بعد خلیل الرحمٰن قمر کے نظریات سے خود کو الگ کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اداکارہ نے لکھا کہ میں خلیل الرحمٰن قمر کے نظریات سے بالکل اتفاق نہیں کرتی۔ میں نے خلیل الرحمٰن قمر کا انٹرویو سنا اور ڈرامے کے اختتام سے قبل مجھے ان کے پریشان کن خیالات کا اندازہ ہوا، میں ایسے کسی پراجیکٹ کا حصہ بن کر فخر محسوس نہیں کرتی جس کے رائٹر کے نظریات ایسے ہوں۔