حافظ آباد،کامونکے ،ایمن آباد،سادھوکے ، پاکپتن،ساہیوال،لاہور(نمائندگان 92 نیوز،کر ائم ر پو رٹر)ٹریفک حادثات اور ٹرین تلے آنے سے 2 جوڑوں سمیت 11افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ۔ بتایا گیا ہے کہ حافظ آباد سے بارات پنڈی بھٹیاں جارہی تھی کہ بارات میں شامل کار نے ریس لگاتے ہوئے سڑک کے کنارے چلنے والے چار افراد کو کچل دیا اور کار کھائی میں جاگری۔حادثہ کے نتیجہ میں کوٹ مبارک کا رہائشی 50 سالہ غلام عباس اور اسکا بارہ سالہ بیٹا محمد ظہیر عباس اور ایک دوسرا بچہ اویس جاں بحق ہوگئے جبکہ کار سوار افراد سمیت چار افراد زخمی ہوگئے ۔کامونکے میں کھیالی کے قریب علاقہ منڈیالہ میر شکاراں کا احسان اپنی بیوی 40سالہ رضیہ بی بی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ دیوان روڈ پر سکول وین نے ان کو روند ڈالا جس کے نتیجہ میں احسان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اس کی بیوی کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ ریفر کیا گیا جہاں وہ بھی دم توڑ گئی۔ پاکپتن گاؤں 71ای بی میں آٹھ سالہ مبشر ولد عباس اپنی سائیکل پر جا رہا تھا کہ قریب سے گزرنے والی ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ۔ساہیوال نور شاہ روڈ پر آلو سے بھری ہوئی ٹریکٹر ٹرالی جس پر ایک شخص اکرم بیٹھا ہوا تھا کہ جمپ لگنے سے وہ ٹرالی کے درمیان میں پھنس گیا اور موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا ۔جبکہ چک 53/5L کے قریب عبداﷲ اپنے 10 سالہ بیٹے مہتاب کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ ریلوے ٹریک کراس کرتے ہو ئے لاہور سے کراچی جاتی ہوئی تیزگام ٹرین کے نیچے آ گئے اور موقع پر دم توڑ گے ۔ لاہور شاہدرہ کے علاقے سگیاں روڈ پر ٹرک کی موٹرسائیکل کو ٹکر سے میاں بیوی مصباح اور عامر جاں بحق ہو گئے ۔