فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)نیب نے رمضان شوگرملز کے ایک اورمالی اسکینڈل کا سراغ لگا لیا ہے ۔ مسلم لیگ ن کے گزشتہ دس سالہ صوبائی دور حکومت میں رمضان شوگرملز میں ہی سرکاری ترقیاتی منصوبوں میں ٹھیکیداروں اور دیگر افراد سے کمیشن کی وصولی کے لئے نقد رقم کی بجائے ملز کا بنک اکائونٹ ہی استعمال میں لایا جاتا تھا۔ابتدائی معلومات کے مطابق چنیوٹ، جھنگ اور سرگودھا کے ترقیاتی منصوبوں سے کروڑوں روپے کے کمیشن کی رقم ملز کے اسی بنک اکاونٹ میں جمع کرائی جاتی تھی۔ شریف فیملی کی رمضان شوگرملز اور کیا کیا گھپلے ہوتے رہے ہیں، اس حوالہ سے نیب نے بلدیاتی اداروں، ٹھیکیداروں اور رمضان شوگرملزکے بنک اکائونٹس کا ریکارڈطلب کرلیا ،اس کے علاوہ مذکورہ تینوں اضلاع میں گزشتہ دس برسوں کے دوران ہونے والے بڑے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات بھی قومی احتساب بیورو پنجاب نے طلب کرلی ہیں۔