قصور، ہرنائی، پارا چنار (ڈسٹرکٹ رپورٹر، خبر ایجنسیاں ) قصور میں چونیاں روڈ دربار بابا شیخ علم دین کے قریب زیر تعمیر مکان کی دیوار گرنے سے بہن جاں بحق اور بھائی شدید زخمی ہوگیا، بشیر احمد اپنے مکان کی تعمیر کر ا رہا تھا اس دوران مکان کی خستہ حالت دیوار ان کی اوپر آگری ، دونوں بہن بھائی زخمی ہو گئے جنہیں جنرل ہسپتال پہنچایا گیا نسرین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی ، بشیر احمد کو جناح ہسپتال ریفر کر دیا گیا ۔ چونیاں میں گہلن ہٹھاڑ میں ایک مزدور محمدجاوید جو چار بچوں کا باپ تھا دیوار گرنے اور پختہ اینٹوں میں دب کر ہلاک ہوگیا۔ بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے زندہ پیرمیں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور5بچے جاں بحق ہوگئے ، ڈپٹی کمشنر ہرنائی عظیم جان دمڑ کے مطابق واقعہ شدید بارش کے بعد لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے پیش آیا ہے ، لینڈ سلائیڈنگ سے کبیر شاہ کا ایک کمرہ مکمل طور پر ملبے تلے دب گیا ، کبیر شاہ کی اہلیہ اور 5بچے جاں بحق ہو گئے ، امدادی ٹیموں نے دو سالہ بچی کو ملبے کے نیچے سے زندہ نکال لیا گیا ، بلوچستان میں رواں برس معمول سے زیادہ بارشیں ہوئیں ، مکران، جنوبی بلوچستان، لسبیلہ اور قلعہ عبداﷲ سمیت متعدد علاقے سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ سے متاثر ہوئے ہیں۔ پاراچنار میں کرم کے علاقے ڈوگر کے گاؤں غوخی میں مٹی کا تودہ گرنے سے تین خواتین ملبے تلے دب کر جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئیں ۔ہسپتال ذرائع کے مطابق وسطی کرم کے علاقہ ڈوگر کے گاؤں غو خی میں ایک ہی گھر کی خواتین اپنے گھر کو مٹی لانے کے لئے مٹی کھود رہی تھیں کہ اچانک مٹی کا تودہ ان پر آگرا جس کے نتیجے میں چھ خواتین مٹی کے تودے تلے دب گئیں ، تین خواتین کی لاشیں نکال کر ورثاکے حوالے کر دی گئیں ، تین خواتین کو زندہ نکال لیا گیا جنہیں علاج کے لئے صدہ ہسپتال پہنچادیا گیا ، تینوں کی حالت تشویشنا ک ہے ۔