لاہور(کامرس رپورٹر) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے گزشتہ روز کمپنی ہیڈ آفس میں اجلاس میںروحی رئیس خان کوبورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرپرسن منتخب کر لیا۔ روحی رئیس خان کو تین سال کیلئے چیئرپرسن منتخب کیا گیا۔ اس سے قبل روحی رئیس نومبر2019ء میں سیددلاور عباس کے انتقال کے بعد سوئی ناردرن گیس کی بورڈ آف ڈائریکٹرز کی چیرپرسن منتخب ہوئی تھیں۔انہیں سوئی ناردرن بورڈ کی پہلی خاتون چیئرپرسن ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔اس سے پہلے وہ پکک اور لاہور سٹاک ایکسچینج کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکی بھی پہلی خاتون ڈائریکٹر رہیں اور چند مالیاتی اداروں کی پہلی خاتون سربراہ بھی رہ چکی ہیں، انہیں مختلف سینیئر انتظامی عہدوں پر پندرہ برس سے زائد عرصے کا تجربہ حاصل ہے ۔انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے ) کراچی سے ایم بی اے اور پنجاب یونیورسٹی سے معاشیات اور ریاضی میں گریجوایشن کی ڈگری حاصل کی، انہیں مالیاتی شعبے میں 35برس سے زائد کا تجربہ ہے ۔