ماسکو(شاہد گھمن سے ) روس کی جانب سے بھی انسداد کورونا ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کردیا گیا۔روس کی فیڈرل بائیو میڈیکل ایجنسی کے پریس مرکز سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کووڈ۔19 کے علاج میں میفلوکین نامی دوا کا استعمال کیا جائیگا جو مختلف شدتوں کے کورونا وائرس کے خاتمے کیلئے مفید ثابت ہوگی۔ روس کے ایک ریسرچ سنٹر کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ابھی ویکسین کا تجربہ جاری ہے ۔ پہلے ویکسین کا تجربہ جانوروں پر کیا جائیگا اور پھر تجزیہ کیا جائیگا کہ یہ ویکسین انسانوں کیلئے بے ضرر ہے یا نہیں۔قبل ازیں کورونا کی ویکسین تیار کرنے کا دعویٰ کرنیوالے ممالک میں امریکہ، چین، فرانس اور ایران شامل ہیں۔ دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی ہم منصب ولادی میرپیوٹن کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں وبائی مرض کوروناوائرس سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ اور پیوٹن نے کوروناوائرس کیخلاف مشترکہ حکمت عملی پر بات چیت کی اور دنیا بھر میں ہونیوالی اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بھی زیربحث آئیں۔