لاہور (فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم ، محمد فاروق جوہری )پاکستان میں کورونا مثبت مریض 7فیصد سے زیادہ ہو گئے جو الارمنگ صورتحال ہے ، کورونا سے بچائو کیلئے حفاظتی انتظامات کیساتھ قوت مدافعت کو بھی بہتر کرنا چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار معروف معالجین اور ماہر غذائیات نے روزنامہ92نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔معروف معالج پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم نے کہا کورونا کیسز میں روز بروز اضافہ ہو ر ہا ہے ، لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے ، ان کو چاہئے ماسک کا استعمال کریں اور سماجی فاصلہ اختیار کریں ، اگر کسی کو فلو ،کھانسی یا بخار ہے تو وہ اس کو موسمی نہ سمجھے بلکہ فوری کورونا ٹیسٹ کرائے ۔ معروف معالج پروفیسر ڈاکٹر ابرار اشرف نے کہا کورونا مثبت مریضوں کی تعداد سات فیصد سے بڑھ گئی ہے ،بہت سے مریض ایسے ہیں جو ٹیسٹ نہیں کرا رہے اور علامات کے باوجود پرائیویٹ علاج کر رہے ہیں، ایسے لوگوں کا ڈیٹا ہمارے پاس موجود نہیں لیکن جو مریض سرکاری ہسپتالوں میں آ رہے ہیں وہ تمام سیریس ہیں، جو لوگ زیادہ عمر کے ہیں یا جن کو بلڈ پریشر یا شوگر ہے ان کو چاہئے وہ خاص طور پر احتیاط کریں ۔ معروف ماہر غذائیات ڈاکٹر جویریہ محمود نے کہا کورونا کیخلاف قوت مدافعت کو بہتر کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر سیب، لیموں اور ادرک کا استعمال کرنا چاہئے تا کہ جسم میں آ ئرن کی مقدار بہتر ہو جائے ۔ اس کے علاوہ ایسی غذائوں کا ستعمال ضرور ی ہے جن میں وٹامن سی موجود ہو، پانی کا استعمال بھی زیادہ رکھنا ہو گا ، متوازن غذا کا فائدہ یہ ہے کہ اگر کوئی شخص کورونا میں مبتلا ہو تا ہے تو اس کا مدافعتی نظام اگر بہتر ہو گا تو وہ با آ سانی کورونا کو شکست دے لے گا ۔