لاہور ( فورم رپورٹ : رانا محمد عظیم، محمد فاروق جوہری) معروف معالجین اور ماہر غذائیت نے قراردیا ہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے ایک ماہ اہم ہے اسکے بعد گرمی کیساتھ ہی یہ وائرس خود ہی مرنا شروع ہو جائیگا ۔ کرونا وائرس سے بچائو کیلئے قدرتی غذا زیادہ استعمال کریں ۔ روزنامہ 92 نیوز فورم سے گفتگو کرتے ہوئے معروف معالج پروفیسر ڈاکٹر شاہد ملک نے کہا کہ کرونا قابل علاج مرض ہے یہ فلو کی صورت میں کئی افراد کو ہو چکا ہو گا اور بہت سے افراد ٹھیک بھی ہو چکے ہونگے ۔اگر کرونا وائرس آر ڈی ایس نظام میں نہیں جاتا اس کو متاثر نہیں کرتا تو پھر فکر اور پریشانی کی کوئی بات نہیں ۔ اس بیماری میں زیادہ وہ بندہ مرتا ہے جس کے اندر دوسرا مرض بھی ہوتا ہے ۔ کرونا سے متاثرہ شخص کے ریکوری کے چانسز ہوتے ہیں، ایک ماہ احتیاط کا ہے جونہی گرمی میں اضافہ ہو گا یہ وائرس از خود مرنا شروع ہو جائیگا۔ اس میں سب سے بہتر احتیاطی تدبیر یہ ہے کہ پانچ ٹائم وضو کریں اور ماسک کا استعمال کریں اور فلو سے متاثرہ شخص سے ہاتھ نہ ملایا جائے کیونکہ یہ وائرس متاثرہ شخص سے 2 میٹر کے اندر اندر کسی دوسرے انسان کو متاثر کر سکتا ہے ۔ معروف معالج پروفیسرڈاکٹر اشرف ضیا نے کہا کہ کرونا وائرس سانس کی ایک بیماری ہے جو سانس،چھینک،اور متاثرہ مریضوں سے ہاتھوں پر لگے وائرس سے پھیلتی ہے ۔اسکا بہترین علاج صرف احتیاط ہی ہے ۔کرونا سے بچنے کیلئے تھوڑی تھوڑی دیر بعد ہاتھ صابن سے واش کریں پانی زیادہ پئیں اور ماسک استعمال کریں ،شوگر کے مریض، پچاس سال سے بڑی عمر کے لوگ اسکا زیادہ شکار ہوتے ہیں اسلئے وہ گھر سے صرف ضرورت کے تحت احتیاطی تدابیر کیساتھ نکلیں۔ کرونا وائرس کا ٹیسٹ عالمی ادارہ صحت کے مطابق مریض کے ناک اور گلے کی رطوبت کا PCR ٹیسٹ بھجوایا جائیگا جس میں وائرس کے RNA کو دیکھا جاتا ہے ۔اس ٹیسٹ کے بعد ہی کسی بھی مریض کو حتمی طور پر کرونا وائرس کا مریض تصور لیا جاتا ہے ۔معروف ماہر غزائیت ڈاکٹر جویریہ محمود نے کہا کہ کرونا سے بچنے کیلئے اپنے طرز زندگی کو بہتر بنانا ہو گا، قدرتی اورحفظان صحت کے مطابق غذا کا استعمال کرنا چاہئے کیونکہ اس سے ہماری قوت مدافعت بڑھتی ہے ۔ اور جن میں قوت مدافعت زیادہ ہے ان کو کرونا وائرس متاثر نہیں کر سکتا ۔ ہمارے جسم میں اگر وٹامن سی کا لیول اچھا ہو گا تو بیماری کے حملہ کے چانسز نہ ہونے کے برابر ہونگے ۔ چونکہ یہ سانس کی بیماری ہے تو ماسک کے استعمال سے بھی بچا جا سکتا ہے ۔ قوت مدافعت کو بڑھانے کیلئے ہمیں ڈبے والے جوس، رنگوں والے مصالے ، اور ملاوٹ شدہ دودھ سے پرہیز کرنا چاہئے ۔ اپنی قوت مدافعت مضبوط کر کے ہم کرونا وائرس سے بچ سکتے ہیں ۔