کیف، ماسکو، ( 92 نیوز رپورٹ، نیوز ایجنسیاں) امریکی صدر جوبائیڈن نے چینی ہم منصب شی جن پنگ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین میں فوجی کارروائی کے معاملے پر روس کا ساتھ دیا تو نتائج بھگتنا ہوں گے ۔ دونوں کے درمیان ویڈیو لنک پر2گھنٹے بات ہوئی۔بائیڈن نے کہا روس کی طرح امریکہ چین پر بھی پابندیاں عائد کر سکتا ہے ۔چینی صدر کا کہنا تھا کہ یوکرین کے بحران کی اصل وجہ سمجھنے کے لیے امریکہ اور نیٹو روس سے مذاکرات کریں۔ تائیوان معاملے کو مناسب انداز سے حل نہ کیا گیا تو اس کے دونوں ملکوں کے تعلقات پرتباہ کن اثرات ہوں گے ۔ بائیڈن کاکہناتھاکہ تائیوان پر امریکہ کامؤقف تبدیل نہیں ہوا ۔ اقوام متحدہ میں روس کے مندوب ویسلی نیبنزیا نے سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے کہا امریکہ ان کے ملک اور یوکرین کے بیچ تنازع پر تیل چھڑک رہا ہے ۔ادرھروسی فوج نے ڈونیسک پر قبضہ کر لیا،جس سے یوکرین کی بحیرہ ازوف تک رسائی عارضی طور پر معطل ہو گئی ۔ یوکرین کے معروف بیلے سٹار 43 سالہ آرٹیوم داتسیشین روسی گولہ باری سے ہلاک ہوگئی۔ روس نے پہلی بار یوکرین میں اسلحہ ڈپو کو سپر سونک میزائل سے نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔ یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا یوکرین میں جنگ نہ روکی گئی تو روس کو نقصانات کا ازالہ کرنے میں کئی نسلیں لگ جائیں گی۔ روسی صدر پوٹن کی ماسکوکے ایک سٹیڈیم میں کی جانے والی تقریرکی براہ راست نشریات اچانک بند ہوگئیں۔حکام نے کہا تکنیکی خرابی تھی۔ پوٹن نے خطاب میں کہا یوکرین پرحملہ ضروری تھا کیونکہ امریکہ یوکرین کو روس کے خلاف استعمال کررہا تھا۔ کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے بائیڈن کی جانب سے پوتین کو ’خونخوار ٹھگ‘ قرار دینے پر ایک بار پھر جواب دیا اور کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ بائیڈن تھکن، چڑ چڑے پن اور نسیان کا شکار ہیں۔