اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی،سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ،آن لائن) تحریک انصاف کے ساتھ ساتھ جے یو آئی(ف) اور مسلم لیگ ن نے بھی فوری عام انتخابات کرانے کامطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین، سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر عام انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کرتے ، یہ مسلط کردہ لوگ انتخابات سے بھاگ ر ہے ہیں،عوام کو مستقبل کے فیصلے کا ا ختیار دیا جائے ،ہم بھاری اکثریت سے دوبارہ اقتدار میں آئیں گے ۔پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے بھی ملک میں فوری طور پر نئے عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا۔گزشتہ روز مولانا فضل الرحمن نے اپنی رہائش گاہ پر اپنی جماعت کے ساتھیوں اور ورکروں سے خطاب میں کہا کہ ہم نے عمران خان کو تو رخصت کردیاہے تاہم قوم کو وہ امانت واپس کرنا ہماری ذمہ داری ہے ،اگر یہ سمجھا جاتا ہے کہ انتخابی نظام میں خامیاں ہیں جن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انتخابات میں پھر سے دھاندلی کی جاسکتی ہے تو وقتی طور پر موجودہ اسمبلیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انتخابی اصلاحات کرلی جائیں جبکہ دیگر ناگزیر اصلاحات بھی کی جاسکتی ہیں جن کی وجہ سے مسائل بنے ہوئے ہیں تاکہ ہم گدلے پانی سے تو نکلیں اورشفاف پانی میں اتریں۔انہوں نے کہا کہ مصلحت کی بھی حد ہوتی ہے ،اقتدار کو طوالت دینا اور غیر ضروری طور پر طوالت دینا کسی بھی طور جے یوآئی کی پالیسی نہیں ہوسکتی اور نہ ہی یہ درست ہے ۔لیگی رہنماخواجہ آصف نے بھی قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کردیا۔خواجہ آصف نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات لازمی ہونے چاہیئں،پاکستان اس وقت دیوالیہ ہونے کی آخری حدوں کو چھو رہا ہے ، عوامی مینڈیٹ ہی اس صورتحال کا حل ہے ،ہم سب کو مل کر اس چیلنجز کا حل نکالنا ہوگا ، حکومتی اتحاد کو کسی وقت نئے مینڈیٹ کا بھی سوچنا چاہئے ، فیصلہ عوام میں دے دینا چاہئے کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔