لاہور( حافظ فیض احمد) ریلوے حکام نے ملت ایکسپریس اور سر سید ایکسپریس ٹرین حادثے کی تحقیقاتی رپورٹ میں غفلت کے مرتکب پائے جانے والے 24 ریلوے افسروں کو چارج شیٹ جاری کر دی ہیں اور ان سے جواب طلب کر لیا ہے ، جواب موصول ہونے کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق سکھر ریلوے ڈویژن میں7جون کو ملت ایکسپریس اور سر سید ایکسپریس ٹرینوں کا حادثہ ہو اتھا جس میں66سے زائد مسافر جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ110سے زائد مسافر زخمی ہوئے ۔ ریلوے حکام نے المناک ٹرین حادثے کی تحقیقات کے لئے وفاقی انسپکٹر ریلوے فرخ تیمور غلزئی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی جس میں ریلوے کے تین سابق اعلی افسروں کو بھی شامل کیا گیا ، مذکورہ انکوائری ٹیم نے دو ماہ کے عرصہ میں اپنی رپورٹ مکمل کر کے منظوری کے لئے وزارت ریلوے کو ارسال کر دی جس میں 24 ریلوے افسروں اور ملازمین کو ذمہ دار قرار دیا گیا ۔ ریلوے حکام نے جن 24 ریلوے ملازمین کو چارج شیٹ جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلبی کی ہے ۔ان میں ریلوے افسر اصغر علی بھٹو، غلام قادر، محمد راحیل، محمد شمس الدین،محمد اقبال، محمد نواز، ایوب خان، عثمان رسول، جاوید اکمل، عبدالعزیز، رفیق احمد مہر، کاشف نصیب، ظہور احمد، محمد کاشف، تنویر احمد خان، محمد آصف، اقبال خان، امتیاز رسول، عاصم تسنیم، غلام حسین، یاسر علی اور عاطف اشفاق شامل ہیں، مذکورہ ریلوے ملازمین کا تعلق شعبہ سول انجینئرنگ،مکینکل ، الیکٹریکل اور کمرشل ٹریفک سے ہے ۔ذرائع کے مطابق ریلوے افسروں اور ملازمین کی جانب سے چارج شیٹ کا جواب ملنے کے بعد اس کا جائزہ لیا جائے گا۔