کراچی ،لاہور( سٹاف رپورٹر،اپنے نیوز رپورٹر سے ،سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوزایجنسیاں )سپیشل بینکنگ کورٹ کراچی نے سابق صدر آصف علی زرداری ،انکی بہن فریال تالپور سمیت 11ملزموں کی عبوری ضمانت میں بھی 11مارچ تک توسیع کردی جبکہ احتساب عدالت لاہور کے حکم پر سابق صوبائی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کو 15 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔گزشتہ روز سپیشل بینکنگ کورٹ کراچی میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران فریال تالپور علی مجید،ذوالقرنین مجید اور نمر مجید ودیگر ملزم عدالت میں پیش ہوئے جبکہ جیل حکام نے گرفتار ملزم حسین لوائی کو پیش کیا۔ دوران سماعت چیئرمین نیب کی جانب سے کیس اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست پیش کی گئی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ گرفتار ملزم اسلم مسعود کہاں ہے ۔ ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے بتایا کہ وہ راستے میں ہے ، پہنچ جائیگا،سات مارچ تک راہداری ریمانڈ پر ہے ۔ عدالت نے آصف زرداری کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی جبکہ سماعت 11 مارچ تک ملتوی کردی ۔دریں اثنا سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل نے اپنی گرفتاری کوسندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا جبکہ عدالت نے نیب سے 19 مارچ کو جواب طلب کرلیا۔ ادھر نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور آف شور کمپنیزکیس میں گرفتارعبدالعلیم خان کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پراحتساب عدالت لاہور میں پیش کیا۔ نیب پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے دلائل دیئے کہ علیم خان اپنے اثاثوں اور آف شور کمپنیوں پر مطمئن نہیں کر سکے ، لہٰذا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے تاکہ تحقیقات مکمل کی جا سکیں۔ عدالت نے نیب کی مزیدجسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے علیم خان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ علیم خان نے نیب کے بارے میں کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ اﷲ صبر کرنیوالوں کیساتھ ہوتا ہے ۔ ضمانت کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ وکلا کرینگے ۔ پیشی کے موقع پر پولیس کی اضافی نفری تعینات اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ احتساب عدالت جانیوالے راستوں کو کنٹینرز اور رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا گیا تھا۔پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد شدید نعرے بازی کرتی رہی۔ ذرائع کے مطابق علیم خان نے گرفتاری کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنیکا فیصلہ کر لیا ہے ، انکی لیگل ٹیم نے درخواست ضمانت کا ڈرافٹ بھی تیار کرلیا ہے ۔ زرداری،فریال ، علیم خان