کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک )جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنماء سابق سینیٹر حافظ حمد اللہ نے سپیشل سیکرٹری داخلہ سے شناختی کارڈ بحال کرنے کی اپیل کردی ہے ۔ سابق سینیٹر نے فیصلے کو بدقسمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پیمرا نے نادرا کے فیصلے کی روشنی میں مجھے غیر ملکی قرار دیتے ہوئے میرے ٹی وی ٹاک شوز پر پابندی عائد کی، جب ایک شخص سینیٹر رہا ہو، وزیر رہا ہو اور پاکستان میں بار بار الیکشن لڑ چکا ہو، کیا ہمارے اداروں نے اس شخص کی شہریت کے حوالے سے تصدیق نہیں کی ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کہ میری پیدائش چمن کے میونسپل علاقے کے محلے حاجی حسن کی ہے ، آج بھی وہ محلہ موجود ہے اور آج بھی وہ جگہ موجود ہے جہاں میری پیدائش ہوئی تھی، چمن کے سارے لوگ مجھے جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سپیشل سیکرٹری داخلہ میاں وحیدالدین سے ملاقات کرکے انہیں معاملے کا بتایا جس پر وہ بھی ہنس رہے تھے ۔