لاہور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے سانحہ ساہیوال پر قوم سے 24 گھنٹے انتظار کرنے کی اپیل کردی۔پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ بشارت نے کہا انصاف ہوتا ہوا نظر آئیگا ، حکومت نے قوم سے جو وعدہ کیا ہے وہ پورا کریگی۔ 24 گھنٹوں میں جے آئی ٹی کی رپورٹ آجائے گی جس کی روشنی میں ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا ہم نے سی ٹی ڈی کا موقف تسلیم نہیں کیا ۔اسی لئے تو حکومت نے جے آئی ٹی تشکیل دی ہے ۔جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ قبل از وقت ہے ،جے آئی ٹی کی رپورٹ کو آنے دیا جائے اگر اس پر اطمینان نہ ہوا تو پھر دیکھیں گے ۔