پشاور(92نیوز) وزیر دفاع پرویز خان خٹک نے کہا کہ سانحہ ساہیوال میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچا یا جائے گا۔ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لیے بھر پور اقدامات کررہی ہے ، عجیب بات ہے کہ آج تک ایک دوسرے کو چور اور ڈاکو کہنے والے احتساب سے بچنے کے لیے بھائی بھائی بن گئے ہیں،اگر انھوں نے کرپشن نہیں کی تو پھر اتنا شور کیوں مچا رہے ہیں۔ عوام کی لوٹی گئی ایک ایک پائی بیرون ملک سے لاکر عوام کی فلاح وبہبود پر خرچ کریں گے ۔امہ ویلفئیر ٹرسٹ اور چلڈرن اکیڈمی جیسے فلاحی اداروں کی سرپرستی وقت کی ضرورت ہے ۔ وہ نوشہرہ کے تفصیلی دورے کے موقع پر امہ چلڈرن اکیڈمی، پہاڑی کٹی اور ضلع کونسل میں مختلف تقاریب سے خطاب کررہے تھے ۔ پرویز خان خٹک نے کہا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف عمران خان کی بائیس سالہ جدوجہد رنگ لائے گی۔ جب تک ملک ترقی نہیں کرے گااور یہاں سرمایہ کاری نہیں ہوگی تو بے روزگاری ختم نہیں ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کا مستقبل روشن ہے ۔پانچ سال قبل خیبرپختونخوا کی ترقی کے لیے کام کیا جس کی بدولت تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں دوبارہ برسراقتدار آئی اور تاریخ بدل دی ۔