کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے سانحہ مستونگ کی یاد میں انتخابی جلسے منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا اور کہا کہ جلسوں پر خرچ ہونیوالی رقم سانحہ مستونگ کے زخمیوں پر خرچ کی جائے گی۔ میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں جمہوریت کا حصہ بننے والے بلوچستان کے عوام سوگ میں ہیں ،ایک جانب جنازے اٹھ رہے ہوں اور لوگ زخموں کے کرب برداشت کر رہے ہوں تو دوسری جانب جلسے جلوس نہیں کر سکتے ۔انہوں نے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ بہت بڑا واقعہ ہے جس نے بلوچستان کو لہو لہو کر دیا اس واقعہ میں لوگوں کی شہادتیں اور معصوم وبے گناہ افراد کی زخمی ہونے کی مذمت زبانی کلامی ممکن نہیں۔