کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکسچینج میں گزشتہ روز ریکوری آئی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے مسلسل مندی کے باعث سستے ہونے والے شیئرز کی خریداری کی گئی جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس 1208.24پوائنٹس کے اضافے سے 29ہزار کی نفسیاتی حد بحال کرتے ہوئے 29231.63پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیاجب کہ81.58فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت ایک کھرب 90 ارب20کروڑ62لاکھ روپے بڑھ گئی اور کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت39.12فیصد زائد رہا ۔انٹر بینک میں ڈالر 61 پیسے مہنگا ڈالر 166.14 سے بڑھ کر 166.75 روپے کا ہوگیا۔گزشتہ روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی مالیاتی اداروں ،میوچل افندز اور بروکریج ہاوسز کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کی پرکشش قیمتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خریداری شروع کی جس کے نتیجے میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا اور ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 29ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے 29320پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا بعد میں منافع کے حصول کی عرض سے شیئرز کی فروخت بڑھنے کے سبب مذکورہ سطح برقرار نہ رہ سکی لیکن مجموعی طور پر تیزی غالب رہی اورمارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 1208.24پوائنٹس کے اضافے سے 29231.63پوائنٹس پر بند ہوا ۔کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹر بینک میں ڈالر 61 پیسے مہنگا ہوگیا۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر 166.14 سے بڑھ کر 166.75 روپے کا ہوگیا ۔گذشتہ روز ڈالر کی قیمت میں 96 پیسے اضافہ ہوا تھا۔ دوسری طرف ملک بھر میں سونے کی قیمت میں 581 روپے اضافہ کے ساتھ فی تولہ قیمت 98 ہزار 683 روپے تک بڑھ گئی،صرافہ اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ں 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 98 ہزار 683 روپے تک بڑھ گئی جبکہ24 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت 84 ہزار 846 روپے تک پہنچ گئی اور اسی طرح قیمت میں 581 روپے کے اضافہ سے 22 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت 78 ہزار 741 روپے ہو گئی ۔