کراچی ( کامرس رپورٹر ) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز بھی تیزی برقرار رہی ،ڈالر وسونا مزید سستے ہوگئے ۔کے ایس ای 100 انڈیکس مزید196.51پوائنٹس کے اضافے سے 46ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرتے ہوئے 46160.78پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا جب کہ58.47فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 32ارب73کروڑ50لاکھ روپے بڑھ گئی اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی پیر کی نسبت سے 1.12فیصدزائد رہا۔اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس63.24پوائنٹس کے اضافے سے 19299.03پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 130.59پوائنٹس کے اضافے سے 31665.08پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔گزشتہ روزمجموعی طور پر407کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 238کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ147میں کمی اور22کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں بڑھنے کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت82کھرب32ارب81کروڑ83لاکھ روپے سے بڑھ کر82کھرب65ارب55کروڑ33لاکھ روپے ہوگئی ۔دریں اثنائگزشتہ روز انٹر بینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں50پیسے کی کمی سے ڈالر کی قیمت خرید157.10روپے اور قیمت فروخت157.20روپے ہو گئی ۔علاوہ ازیں گزشتہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 1100روپے کی کمی سے 1لاکھ 6ہزار100روپے اور دس گرام سونے کی قیمت943روپے کی کمی سے 90ہزار964روپے ہوگئی۔