کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں مسلسل دوسرے روز بھی مندی کا رجحان غالب رہا۔کے ایس ای 100 انڈیکس 376.93پوائنٹس کمی سے 44929.61پوائنٹس کی سطح پرآ گیا جبکہ70.76فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ جس سے سرمایہ کاروں کو65ارب 20کروڑ40لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔جمعرات کوٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا تاہم بعد ازاں حصص فروخت کا دباؤبڑھنے کے سبب تیزی کے اثرات زائل ہوگئے ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر390کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا۔مندی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت78کھرب99ارب42کروڑ51لاکھ روپے سے گھٹ کر 78 کھرب 34 ارب 22 کروڑ 11لاکھ روپے ہوگئی ۔ادھرانٹر بینک میں 30پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید153.10 سے بڑھ کر153.40 اور قیمت فروخت153.20سے بڑھ کر153.50روپے ہو گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں 10پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید153.20سے بڑھ کر153.30 اور قیمت فروخت153.50 سے بڑھ کر153.60روپے ہو گئی۔