مظفر آباد(صباح نیوز،این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر سب کو ایک ہونا چاہئے ، مودی نے مسلمانوں کیخلاف اعلان جنگ کیا، مودی کو جواب دینے کا وقت آگیا، اپوزیشن مسئلہ کشمیر کو سیاست سے بالا تر رکھے ۔ون مین آرمی ہوں بھارت کیخلاف خود لڑوں گا۔گزشتہ روز مظفرآبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کمزور ہوسکتی ہے دفاع نہیں، نریندر مودی کی عقل جواب دے گئی ہے ، کشمیریوں سے غداری کرنے والا یزیدی قافلے سے ہوگا، وزیر اعظم عمران خان کی کوشش سے مسئلہ کشمیر زندہ ہو گیا ہے ۔انہو ں نے کہا کہ مودی کی سوچ ہے کہ پاکستان معاشی طورپرکمزور ہے تو اسے فتح کرلے گا ،پاکستانی افواج اسے نکیل ڈال کر دنیا بھرمیں ذلیل کرینگی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن خدارا سیاست ایک طرف رکھ کر کشمیر ایشو پر ایک ہوجائے اوردشمن کو پیغام دے کہ پوری قوم متحد ومتفق ہے ۔جلد لائن آف کنٹرول پرجائوں گا ۔کشمیری ہوں میرا یہاں ووٹ رجسٹرڈ ہے اور کشمیری بھی بولتا ہوں۔مجھے کوئی منع نہیں کرسکتا کہ میں اپنی ریاست کے دونوں اطراف جہاں چاہے جائوں۔ 27 ستمبر کے بعد مقبوضہ وادی کے کشمیریوں کو کال دوں گا۔انہوں نے کہا کہ مودی کے اقدامات کے بعد اب کنٹرول لائن کی کوئی حیثیت ہے نہ ہی معاہدوں کی۔جلدسری نگر ،حبہ کدل،راجوری،پلوامہ،ڈوڈہ میں پاکستانی چینل کی نشریات دستیاب ہوں گی۔قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر مظفرآباد جلسے کے تمام انتظامات دیکھنے کیلئے شیخ رشید نے مظفرآباد کا دورہ کیا۔اس دوران مشہور درگاہ حضرت سہیلی سرکار پرحاضری دی اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام اور مسئلہ کشمیر کے جلد حل کے لئے دعاکی۔