اسلام آباد،راولپنڈی ،لاہور، پشاور(سپیشل رپورٹر،رپورٹر 92 نیوز،کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) سکیورٹی فورسز کا کانجو، سوات میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن،ٹی ٹی پی سوات کا ایک دہشتگرد مکرم مارا گیا، ایک دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ سے دو عام شہری شہید ہو گئے ، سکیورٹی فورسز نے مستند انٹیلی جنس معلومات پر آپریشن کیا، آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں،سکولوں کی تباہی، بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ جیسے گھناؤنے جرائم میں بھی ملوث تھے ۔دریں اثنا لاہور اور پشاور بڑی تباہی سے بچ گئے ۔سی ٹی ڈی نے لاری اڈہ سے کالعدم تنظیم کے 2 دہشتگردوں کوگرفتار کرلیا۔ سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا ہے کہ دہشتگردوں کاتعلق افغانستان سے ہے جن کی ولایت خان،عبدالملک عرف عزت اللہ کے نام سے شناخت ہوئی،دہشتگردوں سے اسلحہ،دھماکاخیزمواد،موبائل فونز،اقلیتی رہنمائوں کی لسٹ برآمدہوئی ہے ۔پشاور میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے 5دہشتگردوں کو گرفتار کر کے بارودی مواد برآمد کرلیا، 56بوریاں سیفٹی فیوز تار اور 4ڈبے ڈیٹو نیٹرز شامل ہیں،گرفتار دہشتگردوں سے تفتیش جاری ہے ۔نامہ نگار کے مطابق مستونگ قومی شاہراہ پر میجرچوک کے قریب دکانوں کی چھت پرقائم سکیورٹی فورسز کی چوکی پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا جو سڑک پر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، حملے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔